اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہ راست پروازوں کے آغاز پر پوری قوم بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے، انہوں نے وزیرِ ہوابازی خواجہ محمد آصف، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور متعلقہ اداروں کے حکام کی اس امر میں کاوشوں کی بھی تعریف کی،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ادارے میں اصلاحات سے بہتری کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
ہفتے کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہ راست پروازوں کے آغاز کے حوالے سے کہا اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا پوری دنیا میں تشخص بحال ہو رہا ہے،پابندی کی وجہ سے پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچا جس کو کئی برس کی محنت کے بعد بحال کیا گیا،پی آئی اے کی براہ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری مستفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ براہ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی مضبوطی آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ادارے میں اصلاحات سے بہتری کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
