بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ، مارے جانے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 ہو گئی خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فتح خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے تین افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں نے بارودی مواد سے بھری کار سے حملہ کیا تھا جس سے چوکی کی عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا تھا۔اس سے قبل بنوں کے رینجل پولیس افسر سجاد خان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ فتح خیل چوکی کی عمارت کے ملبے سے 12 پولیس اہلکاروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ تین اہلکاروں کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 تک پہنچنے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر جمع ہے اور چیخ و پکار ہے-میڈیکل اینڈ ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ بنوں کے ترجمان نعمان خان نے تصدیق کی ہے کہ فتح خیل چوکی پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد پولیس اہلکار ہیں۔اس کے علاوہ تین زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا تھا جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
