ایران نے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر اپنا باضابطہ جواب ارسال کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ جواب پاکستانی ثالثوں کے ذریعے واشنگٹن کو پہنچایا گیا ہے۔ایرانی خبر ایجنسی ’اِرنا‘ نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کیے گئے فریم ورک کے تحت آئندہ مرحلے میں ہونے والے مذاکرات میں صرف جنگ کے مستقل خاتمے کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا تھا کہ تہران کی جانب سے امریکی تجاویز پر حتمی موقف داخلی جائزے اور اعلیٰ سطح کے مشوروں کے بعد ہی پاکستانی حکام کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچایا جائے گا۔اس پورے بحران میں پاکستان کا بطور ثالث کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ہی 8 اپریل کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی کرائی تھی جس کے نتیجے میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی تقریباً 40 روز سے جاری مشترکہ جارحیت کا سلسلہ تھم گیا تھا۔جنگ بندی کے چند روز بعد اسلام آباد میں فریقین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا دور بھی ہوا تھا، تاہم اس وقت کوئی بڑا بریک تھرو حاصل نہیں ہو سکا تھا۔
