راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف موثر اقدامات کیے ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مردان کی مختلف یونیورسٹیز اور مدارس کے اساتذہ اور طلبہ سے نشت کے دوران خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، خصوصی نشست میں عبد الولی خان یونیورسٹی،وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مدارس کے طلبہ اور اساتذہ شریک ہوئے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے معرکہ حق، حالیہ پاک افغان کشیدگی اور سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف موثر اقدامات کیے ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے، طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے غازیان اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے ہمارے پاک افواج کے بارے میں بہت سے ابہام دور ہو گئے ، قوم امن کی کاوشوں اور ملک کی ترقی میں پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس موقع پر طلبا نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے حصول کیلئے خیبر پختونخوا کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، ہمیں اس بات کی آگاہی ملی کہ کس طرح ملک دشمن عناصر ہمارے ملک اور افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرتے ہیں ، افواج پاکستان کی ملک کو درپیش خطرات کے خاتمے کیلئے بے پناہ قربانیاں ہیں، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
