اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):بھارتی میڈیا کا خطہ میں عدم استحکام پھیلانے کیلئے زہریلا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا، بھارتی گودی میڈیا اپنی پراکسی فتنہ الخوارج کی حمایت میں کُھل کر سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کے نجی چینل این ڈی ٹی وی نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ 8 اکتوبر کو کرم میں فتنہ الخوارج نے گھات لگا کر پاک فوج کے 22جوان شہید کیے، اس جھوٹ کے برعکس پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی کہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن7 اور8 اکتوبرکو کرم نہیں بلکہ ضلع اورکزئی میں کیا گیا،
ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 11 فوجی شہید ہوئے جبکہ 19خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، ریپبلک نیوز انڈیا نے بھی جھوٹا دعویٰ کیا کہ فتنہ الخوارج نے 24 گھنٹوں کے دوران پاک فوج پر 16 حملے کیے، بھارتی چینل ریپبلک نیوز کا دعویٰ بھی غلط اور بے بنیاد ثابت ہوا، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے نتیجہ میں 5 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا تھا، سفاک مودی کی ایماء پر ریاست نواز گودی میڈیا مضحکہ خیز رپورٹنگ کرنے پر اتر آیا ہے، بھارتی میڈیا کا بے بنیاد پروپیگنڈا خطے میں انتشار پھیلانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے، بھارتی میڈیا دہشت گردوں کا بیانیہ پھیلا کر خطے کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن رہا ہے۔
