امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار اور کامیاب ثالثی کے تناظر میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران وہ پاکستان کی اعلٰی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی صدر کے دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جب کہ شاہراہِ دستور اور اہم سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔دورے کو حالیہ علاقائی صورتِ حال اور ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی پیش رفت کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایرانی صدر کے استقبال اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شاہراہِ دستور سمیت اہم سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں پر پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں، جب کہ سیکیورٹی ادارے دورے کے دوران امن و امان کی صورتِ حال یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔صدر مسعود پزشکیان اپنے دورۂ اسلام آباد کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی تعاون، توانائی اور علاقائی استحکام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت متوقع ہے
