
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کی مہمان کرکٹ ٹیم اور قومی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا اور بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لئے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں ہے بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتا ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لئے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقن ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کیا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا اور وہ پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے۔

عشائیے میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال ، وفاقی وزیر داخلہ و چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
