امتحانات میں شفافیت اور نظم و ضبط،زیروٹارلینس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد، تنویر اصغرا عوان
راولپنڈی: کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغرا عوان نے امتحان نہم فرسٹ اینول 2025 کے سلسلہ میں گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول نمبر 4 لیاقت روڈ، راولپنڈی اور گورنمنٹ اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 مری روڈ، راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی، امتحانی عملے کی حاضری اور امتحانی ماحول کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغرا عوان نے کہا کہ بورڈ کے زیرِ اہتمام جاری امتحانات میں شفافیت، نظم و ضبط اور میرٹ پر مبنی نظام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی عملہ اپنی ڈیوٹی ذمہ داری، دیانت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دے رہا ہے جبکہ امتحانی مراکز میں طلبہ کو پرسکون اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی قابلیت کے مطابق بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
تنویر اصغرا عوان نے مزید کہا کہ امتحانی عمل حکومتِ پنجاب کی زیروٹارلینس پالیسی کے تحت جاری ہے، اور امتحانی ایس او پیز پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ انتظامیہ کی اولین ترجیح شفاف امتحانی نظام، طلبہ کی فلاح اور میرٹ کی پاسداری ہے۔
