*پی ٹی سی ایل گروپ اور سیکوئنس نے پاکستانی انٹرپرائز مارکیٹ میں CPaaS متعارف کرانے کے لیے شراکت داری قائم کرلی*
پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن اور مربوط آئی سی ٹی سروسز ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل و یو فون 4G) نے معیاری کسٹمر انگیجمنٹ سلوشنز فراہم کرنے والے عالمی ادارے، سیکوئنس (CEQUENS)کے ساتھ ایک اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کی ہے، تاکہ پاکستان بھر کی انٹرپرائز کمپنیوں کے لیے ’کمیونی کیشن پلیٹ فارم ایز اے سروس‘ (CPaaS) متعارف کرائی جا سکے۔
آصف احمد، گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، پی ٹی سی ایل و یو فون 4G، اور نرمین صبحي، سینئر نائب صدر، کیریئر ریلیشنز اینڈ ہول سیل، سیکوئنس نے دبئی میں منعقدہ جائیٹکس گلوبل 2025 کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں سید عاطف رضا، گروپ چیف کمرشل آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G اور کریم خورشید، سی ای او، سیکوئنس کے علاوہ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
یہ شراکت داری کاروباری اداروں کو ایک مربوط کمیونی کیشن نظام فراہم کرنے پر مرکوز ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے صارفین سے ایس ایم ایس، وائس، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے بآسانی رابطہ قائم کر سکیں گے۔ معاہدے کا مقصد سیکوئنس کی عالمی مہارت اور پی ٹی سی ایل گروپ کے وسیع نیٹ ورک کو یکجا کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری اداروں کی گو ٹو مارکیٹ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، کسٹمر انگیجمنٹ میں بہتری لانا اور ان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو تیز کرنا ہے۔
اس موقع پر آصف احمد، گروپ چیف بزنس سلوشنز آفیسر، پی ٹی سی ایل و یو فون 4G نے کہا، ’’سیکوئنس کے ساتھ ہماری شراکت داری پاکستان کے کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے ہمارے دیرینہ مقصد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ CPaaS کے ذریعے ہم کاروباری اداروں کیلئے ایسی جدید کمیونی کیشن سلوشنز فراہم کر رہے ہیں، جنہیں ترقی دی جا سکتی ہے اوراپنی ضرورت کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے۔ یہ سروسز ان کے کسٹمر انگیجمنٹ کے طریقوں کو نئی سمت دیں گے۔ پی ٹی سی ایل ڈیجیٹل جدت اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں مزید سرمایہ کاری جاری رکھے گا، تاکہ پائیدار ترقی اور سروسز کی جدت کے لیے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔‘‘
نرمین صبحي، سینئر نائب صدر، کیریئر ریلیشنز اینڈ ہول سیل، سیکوئنس نے کہا، ’’ہمیں پی ٹی سی ایل کے ساتھ تعاون پر فخر ہے، جس کے تحت ہم اپنی جدید CPaaS سلوشنز پاکستان بھر کے کاروباری اداروں تک پہنچا سکیں گے۔ ہمارا پلیٹ فارم کاروباری اداروں کو اپنے صارفین کے قریب لاتا ہے، اور انہیں موقع دیتا ہے کہ وہ متعدد ذرائع سے اومنی چینل (Omnichannel) کمیونی کیشن کا ایک مؤثر اور بلا تعطل تجربہ فراہم کریں، جس سے رسپانس ٹائم، پرسنلائزیشن اور مجموعی سروس کوالٹی میں بہتری آتی ہے۔ اس تعاون کے ذریعے پاکستانی کاروبار ذاتی انفراسٹرکچرکی تعمیر میں بھاری سرمایہ کاری کیے بغیر عالمی معیار کے کسٹمر انگیجمنٹ ماڈل سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘‘
یہ شراکت داری پاکستان میں عالمی معیار کے پلیٹ فارمز متعارف کرانے اور کاروباری اداروں کے ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں ایک قابلِ اعتماد ساتھی کے طور پر اپنا کردار مزید مستحکم کرنے کے پی ٹی سی ایل گروپ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
