واشنگٹن: پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی کارپویشن(آئی ایف سی) نے ریکو ڈک منصوبے کی جلد مالی تکمیل کے لیے اقدامات پر اتفاق کیاہے۔یہ بات وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اوربین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن(آئی ایف سی) کے علاقائی نائب صدر برائے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکیہ، افغانستان اور پاکستان ریکارڈو پُلِتی کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات میں کہی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب عالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے اپنی ٹیم کے ہمراہ واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے۔ وزیر خزانہ نے پیرکو اپنی سرکاری ملاقاتوں کا آغاز بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن(آئی ایف سی) کے علاقائی نائب صدر برائے مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکیہ، افغانستان اور پاکستان ریکارڈو پُلِتی سے ملاقات کے ساتھ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے علاقائی دفتر کے قیام کا خیرمقدم بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی نتیجہ خیز ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے بینک کی طویل مدتی معاونت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بینک کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔
