اسلام آباد()انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج طاہرعباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی آفریدی کیخلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کردی۔دوران سماعت پولیس کیجانب سے مارگلہ پولیس اسٹیشن میں 26 نومبر واقعات میں درج ایف آئی آر پر رپورٹ جمع کرائی گئی،ڈی آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں انکشاف کیاگیا کہ ملزمان سہیل خان آفریدی، جنید اکبر اور عبدالغنی کے چالان جمع نہ کرانے پر دائر نوٹس کا جواب جمع کرایا گیا ہے،عدالت کے 23 جون 2026 کے حکم پر ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کیے گئے تھے،کوششوں کے باوجود ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری پر عمل درآمد نہ ہو سکا،وارنٹ کی عدم تعمیل پر ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق اشتہاری کارروائی شروع کی گئی،اشتہاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد اب ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت چالان کی تیاری آخری مراحل میں ہے،ملزمان کا چالان مکمل ہوتے ہی عدالت کے سامنے پیش کر دیا جائے گا،کیس کی کارروائی میں کسی بھی سطح پر کوئی غفلت، تاخیر یا کوششوں کی کمی نہیں ہوئی،عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کاروائی شروع کرتے ہوئے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔
