الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے 23اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور خیبر پختونخواہ گورنمنٹ کی طرف سے چیف سیکرٹری و سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کے دیگرسینئر افسرا ن نے شرکت کی چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کےآرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے ۔ اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے الیکشن کمیشن کوبریف کیاگیا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی اداروں کی معیادبالترتیب 14مارچ اور 19جون 2026کو ختم ہوچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن صوبہ کے 23اضلاع میں حلقہ بندی کا کام مکمل کر چکا ہے اور ان اضلاع میں انتخابات کروانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔لہذا الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3)اور خیبر پختونخواہ لوکل کونسلز) کنڈکٹ آف الیکشنز(رولز 2021 کی دفعہ 15(1) کے تحت صوبائی گورنمنٹ کے نمائندگان سے مشاور ت کی جاری ہے ۔ تاکہ قانون کے مطابق انکی مشاورت سے مذکورہ بالااضلاع میں الیکشن کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے کمیشن کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لئے چٹھی 8جولائی 2026کو موصول ہوئی اور مذکورہ بالا کیس کی سمری فوری طور پر صوبائی کیبنٹ کو بھجوادی گئی ہے ۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ انتظامی طور پر ہم کمیشن کی معاونت اور الیکشن کے انتظامات کے لئے تیار ہیں ۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو کہا کہ وہ مذکورہ بالا سمری کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی مہیا کریں۔ اور فیصلہ کیا کہ صوبہ کے 23اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے لئے 15دن بعددوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
