شرم الشیخ: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کیلئے دوبارہ نامزد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے انکا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ ٹرمپ جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ نا رکواتے تو کوئی یہاں یہ بتانے کیلئے موجود نا ہوتا کہ کیا ہوا ؟ پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف یہاں غزہ امن معاہدے پر دستخطوں کے بعد امریکی صدر کی پریس کانفرنس کے دوران عالمی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران امن معاہدے کیلئے دیگر رہنماؤں کیساتھ انکے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا اور انکے لیے توصیفی کلمات ادا کیے۔
امریکی صدر نے کہا کہ آج یہاں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف موجود ہیں لیکن پاکستان کے "فیورٹ فیلڈ مارشل” یہاں موجود نہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر کی خواہش پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کی انتھک کوششوں سے امن کے قیام کیلئے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر امن کے داعی ہیں ، انہوں نے دن رات امن اور خوشحالی کیلئے کوششیں کی ہیں۔ پاکستان نے انکے امن کیلئے غیر معمولی کردار پر انہیں امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا تھا۔ آج وہ دوبارہ انہیں اس انعام کیلئے نامزد کرتے ہیں کیونکہ وہ اسکے حقدار ہیں۔ انہوں نے امن کیلئے کوششیں کرکے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔
