راولپنڈی : راولپنڈی و اسلام آباد کے فنکاروں کی بڑی تعداد نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں ،حق تلفی،اور راولپنڈی آرٹس کونسل میں سیاسی مداخلت سے پریشان ہو کر سینئیر پروڈیوسر و ڈائیریکٹر محترمہ عاصمہ بٹ سے رجوع کر لیا،اور کہا کہ ہمارے مسائل سنے جائیں، ان کے حل کے لیے فنکاروں کی مشاورت سے ایک لائحہ عمل تشکیل دیا جائے،تاکہ فنکار آزادانہ طور پر ثقافت کی ترویج کے لئے اپنی مثبت سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
جڑواں شہروں کے فنکاروں کے پرزور اصرار پر محترمہ عاصمہ بٹ کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں فنکاروں نے بتایا کہ راولپنڈی آرٹس کونسل کو ابھی تک تحریک انصاف کی سابقہ حکومتی پالیسیوں اور لاگو کیے گئے قوانین کے مطابق چلایا جارہا ہے۔ اڑھائی سال ہونے کو ہیں، لیکن راولپنڈی آرٹس کونسل فنکاروں ،ڈرامہ اور ثقافت کی ترویج کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی۔ہمیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم آج بھی تحریک انصاف کے دور میں جی رہے ہیں۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ فنکاروں اور عوام کی اصلاح بھی کی ،اور ان کا احساس بھی کیا۔ بالخصوص پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ و سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ نا صرف فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی، بلکہ فنکاروں کے مشکل حالات ،معاشی مسائل کے حل و علاج معالجہ کے لیے مالی امداد بھی فراہم کی، اور کسی کی عزت نفس بھی مجروح ہونے نہیں دی۔یہی وجہ ہے کہ فنکار میاں محمد نواز شریف کے ہر اچھے برے وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔ لیکن نہایت افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ آج ن لیگ کا دور ہے ،اس کے باوجود فنکاروں کی حق تلفی کی جارہی ہے۔ جو اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ ” میں پنجاب کی زمہ دار ہوں”. لہذا ہم اپنی وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ راولپنڈی آرٹس کونسل اور اس کے مقامی فنکار بھی پنجاب کا اہم حصہ لیں۔ جہاں پر اہم فیصلے کیے جاتے ہیں۔ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
