لاہور :محکمہ بلدیات پنجاب نے تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی رینکنگ کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کی بنیاد پر رینکنگ کے لئے ایس او پیز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
یہ پیشرفت وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران سامنے آئی جس میں تمام کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے ستھرا پنجاب پروگرام عاصم محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے کمرشل علاقوں میں ڈبل شفٹ لازمی شروع کی جائے تاکہ کوڑا کرکٹ زیادہ دیر جمع نہ رہے۔
ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی پریذنٹیشن کے بعد وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں پر بھی شہروں جیسی توجہ دینا ہوگی۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ریکوری کے اہداف پر بھی توجہ دیں کیونکہ رینکنگ کے تعین کے لئے ریکوری کو ایس او پیز میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مکمل طور پر ڈیجیٹائز پروگرام ہے۔ تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کی جائیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سی ای اوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی جگہ ہیومن ریسورسز اور مشینری کی کمی ہو تو محکمے کو بتایا جائے۔
