اسلام آباد (وقائع نگار )میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا غیر قانونی منڈی مویشیاں کےخلاف آپریشن جاری لاکھوں روپے مالیت کا مال مویشی ضبط کرلیا گیا چیف آفیسر، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ڈاکٹر انعم کی ہدایات پر اسلام آباد بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے عیدالاضحیٰ 2026 کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے درج ذیل چھ (6) سرکاری طور پر منظور شدہ مویشی منڈیاں اوپن آکشن کے ذریعے الاٹ کی ہیں:آئی-12 مویشی منڈی سنگجانی مویشی منڈی ضیاء مسجد مویشی منڈی سلطانہ فاؤنڈیشن مویشی منڈی
جاپان روڈ مویشی منڈی بھارہ کہو مویشی منڈی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت صرف انہی سرکاری طور پر منظور شدہ اور نیلام شدہ مویشی منڈیوں میں قانونی طور پر مجاز ہے۔ اسلام آباد میں ان کے علاوہ کسی بھی مقام پر قائم مویشی منڈی غیر قانونی تصور کی جائے گی۔جاری آپریشن کے دوران PWD کے علاقے میں قائم ایک غیر قانونی مویشی منڈی کو ختم کرتے ہوئے تقریباً 30 بکرے ضبط کیے گئے۔ بعد ازاں جناح گارڈن فیز-I، نیول روڈ پر قائم ایک اور غیر قانونی مویشی منڈی کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں سے 31 بکرے قبضے میں لے کر منظور شدہ جاپان روڈ مویشی منڈی منتقل کیے گئے، جہاں مالکان کو اپنے قربانی کے جانور فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔مزید برآں، گزشتہ روز کے آپریشن کے دوران مختلف غیر قانونی مویشی منڈیوں سے مجموعی طور پر 572 بکرے منظور شدہ منڈیوں میں منتقل کیے گئے۔ ان میں سے 481 بکرے ضیاء مسجد مویشی منڈی جبکہ 91 بکرے جاپان روڈ مویشی منڈی منتقل کیے گئےمیٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے منظور شدہ مویشی منڈیوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ منڈی فیس پر سختی سے عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ بڑے جانوروں (اونٹ، گائے، بیل) کے لیے فی جانور فیس 4,000 روپے جبکہ چھوٹے جانوروں (بکرا، دنبہ) کے لیے فی جانور فیس 3,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگر کسی بھی منڈی میں مقررہ نرخ سے زائد فیس وصول کی جائے تو شہری فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد واضح کرتی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ MCI اور CDA، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے تعاون سے، بلاامتیاز کارروائی جاری رکھیں گے اور غیر قانونی مقامات سے جانوروں کو مقررہ منظور شدہ مویشی منڈیوں میں منتقل کرتے رہیں گے۔شہریوں سے درخواست ہے کہ خقربانی کے جانور صرف سرکاری طور پر منظور شدہ مویشی منڈیوں سے خریدیں اور کسی بھی غیر قانونی منڈی یا زائد فیس وصولی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
