22.4 C
Islamabad

احتساب عدالت کا مضاربہ سکینڈل میں 7 ملزمان کو 1 ارب 48 کروڑ جرمانہ و قید کی سزاؤں کا حکم

اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کے مفتی احسان الحق مضاربہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے بڑے مالیاتی فراڈ میں ملوث سات ملزمان کو مختلف سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کر دئیے۔ عدالت نے ملزمان پر مجموعی طور پر ایک ارب 48 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا جبکہ مختلف ملزمان کو دو سے تین سال تک قید کی سزائیں بھی سنائی گئیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق زبیر محمد خان کو تین سال قید اور 24 کروڑ 82 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ کاشف شہاب کو تین سال قید کے ساتھ 44 کروڑ 84 لاکھ روپے جبکہ آصف شہاب کو بھی تین سال قید اور 47 کروڑ 46 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح کامران اختر کو دو سال قید اور ایک کروڑ 24 لاکھ روپے جرمانہ، محمد سلیمان کو ڈھائی سال قید اور 14 کروڑ 74 لاکھ روپے جرمانہ سنایا گیا۔ نعمان کو دو سال قید اور 8 کروڑ 97 لاکھ روپے جبکہ عبداللہ لیاقت کو دو سال قید اور 6 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ عدالت کے مطابق یہ تمام ملزمان مضاربہ کے نام پر شہریوں سے سرمایہ کاری حاصل کر کے فراڈ میں ملوث تھے جس کے نتیجے میں عوام کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ملزمان کو 2013 میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا تاہم نیب نے طویل کارروائی کے بعد 2023 میں انہیں گرفتار کیا جس کے بعد کیس کی سماعت مکمل ہوئی۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین