لاہور
نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے لاہور میں بسنت کے تہوار کے دوران 06 سے 08 فروری 2026 تک بجلی کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں مینجمنٹ کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ بسنت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر(اے ڈی اینڈ ایم) انجینئر رشید اے بھٹو کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں این جی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں ہمہ وقت دستیاب اور مکمل طور پر تیار رہیں گی۔ تکنیکی عملے، گاڑیوں اور حفاظتی آلات کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ لاہور میں واقع ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ کسی بھی تکنیکی مسئلے کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔منیجنگ ڈائریکٹر (این جی سی) انجینئر الطاف حسین ملک نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سخت قواعد و ضوابط کے تحت بسنت منانے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بسنت خوشی اور تفریح کا تہوار ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ بسنت کے دوران اپنی جان و مال اور قومی اثاثوں کے تحفظ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور ایسے کسی بھی عمل سے گریز کریں جو بجلی کے ترسیلی نظام یا گرڈ سٹیشنز کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ نیشنل گرڈ کمپنی بسنت کے دوران لاہور اور گرد و نواح میں بجلی کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنائے گی۔عوام بسنت منانے کے دوران اپنی اور دوسروں کی جان ومال کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی تنصیبات کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔
