23.7 C
Islamabad

اسٹیٹ بینک بنیادی شرح سود سے متعلق پالیسی کا اعلان آج کرے گا سود کی بیس پوائنٹس میں مزید کمی کا امکان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس آج (پیر) طلب کیا گیا ہے جس میں بنیادی شرح سود سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ 15 دسمبر 2025 کو ہونے والے گزشتہ اجلاس میں کمیٹی نے مارکیٹ کو حیران کرتے ہوئے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کمی کر کے اسے 10.50 فیصد کر دیا تھا، کیونکہ اوسط مہنگائی 5 سے 7 فیصد کے ہدفی دائرے میں رہی تھی۔تجزیہ کار آج کے اجلاس میں مزید مانیٹری نرمی کی توقع کر رہے ہیں اور ان کے مطابق پالیسی ریٹ میں 50 سے 100 بیسس پوائنٹس تک کمی کی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں، جنہیں کم ہوتی مہنگائی، بیرونی کھاتوں میں بہتر استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے تقویت مل رہی ہے۔

اس توقع کو حالیہ گورنمنٹ آف پاکستان مارکیٹ ٹریژری بلز کی نیلامی سے بھی تقویت ملی ہے، جہاں تین اور چھ ماہ کی مدت کے کٹ آف منافع کی شرحیں چار سال میں پہلی بار سنگل ڈیجٹ سطح پر آ گئی ہیں۔کاروباری برادری پہلے ہی بنیادی پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ سطح پر لانا صنعتی سرگرمی اور معاشی نمو کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کا پالیسی ریٹ جون 2024 میں 22 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ تاہم معاشی اشاریوں میں بہتری کے بعد مانیٹری پالیسی کمیٹی اب تک شرح سود میں مجموعی طور پر 11.50 فیصد پوائنٹس کمی کر چکی ہے، جس کے بعد یہ 10.5 فیصد کی سطح پر آ چکا ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین