پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ اسے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع اپنے تلاشی کنویں بیلی ٹانگ-ون کے لاک ہارٹ فارمیشن سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔اس پیشرفت سے متعلق معلومات اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس کے ذریعے شیئر کی گئیں۔نوٹس میں بتایا گیا کہ یہ دریافت ٹال جوائنٹ وینچر کے ذریعے کی گئی، جس میں ایم او ایل پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی (آپریٹر) 10 فیصد ورکنگ انٹرسٹ ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ 30 فیصد، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ 30 فیصد، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ 25 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ 5 فیصد حصص کی شراکت دار ہیں۔پی پی ایل نے بتایا کہ کنویں کی کھدائی کا آغاز 10 اگست 2025 کو کیا گیا تھا اور اس نے کامیابی سے 4,011 میٹر کی ٹرو ورٹیکل ڈیپتھ یعنی اصل عمودی گہرائی کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔نوٹس میں بتایا گیا کہ لاگنگ وائل ڈرلنگ اور وائر لائن لاگز ڈیٹا کے نتائج کی تشریح کی بنیاد پر، لاک ہارٹ فارمیشن (تلاشی ہدف) کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ اس تجربے کے دوران 32/64 انچ کے چوک پر 254 پاؤنڈ فی مربع انچ (پی ایس آئی) کے ’ویل ہیڈ فلوئنگ پریشرکے ساتھ 1.37 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) کی شرح سے گیس حاصل ہوئی۔لسٹڈ کمپنی نے کہا کہ اس دریافت نے ٹال (TAL) بلاک میں مزید تلاشی کے عمل کو خطرات سے پاک کردیا ہے جس سے ترقی کے نئے اور بہتر مواقع پیدا ہوئے ہیں
