وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو آسان ، شفاف اور تیز ترین خدمات کی فراہمی کے لئے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں اور مختلف محکموں سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی،جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لیے تحفہ ہے، آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کے غیرمعمولی تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں ، اسی طرح کے مراکز آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کئے جائیں گے۔اس موقع پروفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت مرکزکا افتتاح کیا گیا ہے،آذربائیجان کے دورے کے دوران باکو میں خدمت مرکز کا دورہ کیا تھا اور اس دورے کے دوران فیصلہ کیا کہ اس طرز کے ادارے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بھی قائم کریں گے۔
