اسلام آباد: ایمبیسڈر آف پیس کے بانی صدر و سی ای او محمد طاہر تبسم نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر جناب غلام محمد صفی سے ان کے دفتر اسلام آباد میں ایک نہایت اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں سنیر حریت رہنما الطاف حسین وانی، حاجی محمد سلطان ،محمد شفیع ڈار اور سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ بھی موجود تھے, ملاقات کے دوران کشمیر کی موجودہ سیاسی، انسانی اور سفارتی صورتحال پر تفصیلی اور سنجیدہ تبادلۂ خیال ہوا
محمد طاہر تبسم نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ
حریت کانفرنس آج نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز بن چکی ہے بلکہ قومی و بین الاقوامی فورمز پر بھی ایک مؤثر اور مضبوط سفارتی بیانیہ پیش کر رہی ہے۔ اس غیر معمولی فعالیت کا سہرا جناب غلام محمد صفی اور پوری حریت قیادت کے سر ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی اپنی جدوجہد کو اصولی بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔”
انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے حریت قیادت کا کردار تاریخی نوعیت کا ہے، اور اس جدوجہد نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے اور جب تک یہ حق حاصل نہیں ہوتا، تحریکِ آزادی اپنی پوری توانائی کے ساتھ جاری رہے گی۔
ملاقات کے دوران اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کو فعال اور غیر جانبدار کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام ممکن ہو سکے۔ کنونیر غلام محمد صفی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو منظم اور توانا بنانے کے لئے ہمیں متحد ہوکر ہر محاذ پر یکسوئی کے ساتھ کام کرنا ہوگا
مزید برآں، محمد طاہر تبسم نے اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد کے صاحبزادے کی المناک وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم اور قومی سانحہ ہے، ہم ایڈووکیٹ پرویز احمد اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔”
ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو فکری، سفارتی، اور انسانی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔
