اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتا ہے تاکہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی تسلط کی مذمت کی جا سکے۔اتوار کو اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 تاریخ کا سیاہ دن ہے جب بھارتی افواج نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن دنیا کو اس وعدے کی یاد دہانی کراتا ہے جو کشمیری عوام سے ان کے حقِ خودارادیت کے حوالے سے آج تک پورا نہیں کیا گیا۔
اورنگزیب خان کھچی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گاجب تک وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حقِ خودارادیت کے حصول میں کامیاب نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ثقافتی اور تاریخی اقدار آزادی، انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں پر مبنی ہیں اور کشمیری عوام نے ان اصولوں کی پاسداری کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑی ہے اور ان کے مقدمے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتی رہے گی۔
