راولپنڈی: آپٹیشنز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیرِ اہتمام تیسری نیشنل آئی ویئر نمائش اور تعلیمی کانفرنس “آپٹی پیک 2025” پرل کانٹینینٹل ہوٹل، راولپنڈی میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ملک بھر سے آپٹیکل انڈسٹری سے وابستہ تاجر، صنعت کار، ٹیکنیشنز اور ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس نمائش کا مقصد پاکستان میں آئی ویئر انڈسٹری کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بین الاقوامی کاروباری مواقع کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ظفر اقبال بختاوری سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس — نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہر سال اپنی افرادی قوت کے ذریعے بیرونِ ملک سے تقریباً 31 ارب ڈالر حاصل کرتا ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی توجہ محنت کشی سے تجارت اور کاروباری ترقی کی طرف منتقل کریں۔
انہوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور وزارتِ تجارت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی آپٹیشنز کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور بیرونِ ملک کاروباری شاخیں قائم کرنے میں مدد فراہم کریں تاکہ پاکستان کا مثبت تشخص مزید مستحکم ہو اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہو۔ ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ افریقہ اور فار ایسٹ کے ممالک میں پاکستانی آپٹیشنز کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جہاں وہ اپنی مہارت کے ذریعے نہ صرف ذاتی ترقی حاصل کر سکتے ہیں بلکہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی لا سکتے ہیں۔
وزیرِ اعظم کے سیاحت کے مشیر سردار یاسر الیاس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ خدمات کے شعبے کو مضبوط بنانے سے نہ صرف قومی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا بلکہ پاکستان کی عالمی ساکھ میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اس شعبے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں اور ایکسپوز برآمدات کے فروغ اور انڈسٹری کی
ترقی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
چیئرمین خالد سہیل گلزاری نے اپنے خطاب میں “تھری اوز” کے تصور پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایسوسی ایشن کے قیام کا مقصد پاکستان کے آپٹیکل ماہرین کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے ظفر بختاوری کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی سے ایسوسی ایشن نے صرف تین سالوں میں نمایاں ترقی کی ہے، جو آئندہ بھی اسی رفتار سے جاری رہے گی۔
تقریب میں احسن ظفر بختاوری سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس، وقار ظفر بختاوری، حارث بختاوری، سلمان بختاوری سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ان کا استقبال چیئرمین خالد سہیل گلزاری، عبدالرحمن صدیقی سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، اور رضوان صدیقی نے کیا۔
آخر میں معزز مہمانوں نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں جدید آئی ویئر ٹیکنالوجی، فریمز، لینزز اور جدید آپٹیکل سلوشنز پیشکیے گئے۔ شرکاء نے پاکستانی کمپنیوں کی اختراعات، معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا
