اسلام آباد:سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم اور شمالی وزیرستان کے علاقے میں فتنۃ الخوارج کی سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 25 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوانوں نے جام
شہادت نوش کیا۔اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خوارج کے 2 بڑے گروہوں نے24-25 اکتوبرکو ضلع کرم کے علاقے گھکیاور شمالی وزیرستان کے ضلع اسپن وام میں دراندازی کی کوشش کی،سیکیورٹی فورسز نے اسپن وام میں موثر کارروائی کے دوران 4 خود کش بمباروں سمیت 15 خوارج ہلاک کئے۔کرم کے علاقے گھکی میں دراندازی کرنے والے مزید 10 خوارج مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان جام شہادت نوش کر گئے، شہید حوالدار منظور حسین کی عمر 35 سال اور ضلع غذرگلگت بلتستان کے رہائشی تھے، شہید سپاہی نعمان الیاس کیانی کی عمر 23 سال اورضلع پونچھ آزادکشمیر ،شہید سپاہی محمد عادل کی عمر 24 سال اورضلع قصور ، شہید سپاہی شاہ جہاں کی عمر25 سال ضلع وہاڑی اور شہیدسپاہی علی اصغرکی عمر 25 سال اور ضلع پاک پتن کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ ترکیہ میں پاک افغان مذاکرات کے باوجود فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوششیں جاری ہیں، پاکستان مسلسل افغان حکومت سے اپنی سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنانے کا کہہ رہا ہے۔
