ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈائریکٹر نارتھ پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ عدنان
ملاوٹ کے خاتمے اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن انسدادِ چوہا آپریشن کریں، محمد فاروق چوہدری
راولپنڈی: ڈائریکٹر نارتھ پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ عدنان کو عہدہ سنبھالنے پر ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے مبارکباد پیش کی اور گلدستہ پیش کیا۔ وفد کی قیادت صدر محمد فاروق چوہدری نے کی، چیئرمین ممتاز احمد، سینئر نائب صدر چوہدری زاہد محمود، سینئر نائب صدر حذیفہ انصر، سینئر نائب صدر ارشد فاروق، شاکر شریف، عمران الٰہی اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد نے ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ایسوسی ایشن کی جانب سے ملاوٹ کے خاتمے اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ڈائریکٹر راجہ عدنان نے اس موقع پر کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم معمولی صفائی یا انتظامی کوتاہیوں پر بھاری جرمانوں کے بجائے وارننگ نوٹس اور بہتری کے اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔
ایسو سی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری نے شہر میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن مشترکہ طور پر ایک جامع انسدادِ چوہا آپریشن شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک میونسپل کارپوریشن سڑکوں، گلیوں اور نالیوں میں چوہوں کا خاتمہ نہیں کرتی، صفائی کے انتظامات موثر نہیں ہو سکتے۔ اس لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
