
فیصل آباد: باغبان موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گلاب،گلائل،گلیڈی اولس،گل للی،گل داودی،سٹیٹس،گیندا، سٹاک، لیلیم،میر ی گولڈ کاشت کریں۔ ماہرین گلبانی وچمن آرائی نے بتایا کہ پنجاب میں موسم سرما کے دوران موسم گرما کی نسبت موسم معتدل اور خوشگوار ہوتا ہے لہٰذا موسم سرما میں تراشیدہ و آرائشی پھولوں کی مانگ میں زبر دست اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذ ا باغبان مذکورہ اقسام کے خوبصورت و رنگ برنگ اور دلکش پھول کاشت کر کے بھاری منافع کما سکتے ہیں۔
ماہرین گلبانی وچمن آرائی نے بتایا کہ پنجاب کے موسمی حالات کے باعث موسم سرما کے دوران زیادہ رقبہ پر پھول کاشت کئے جاتے ہیں جبکہ پھولوں کی بڑی منڈیاں سگیاں لاہور،پتو کی،لہلن ہٹار،ٹبہ سلطان پور،گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں ہیں جہاں سے پاکستان کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں کو پھولوں کی ترسیل کی جاتی ہے لیکن پنجاب کے تقریباً تمام اضلاع پھولوں کی کاشت کیلئے موزوں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں زیادہ تر گلاب کی مختلف اقسام ہی کاشت کی جاتی ہیں لیکن گرو جن، ہائبرڈ گلاب کی قسم کارڈینل اور سینٹی فولیا کو ہی زیادہ رقبہ پر کاشت کیا جاتا ہے جن کی سالانہ پیداوار 250 سے 270 من فی ایکڑ تک ہے۔باغبان مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت یا ماہرین ہارٹیکلچراینڈ فلوریکلچر کی خدمات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
