اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دو میچوں کی سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میں سابق لیجنڈ سپنر عبدالقادر کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 39 سا لہ نعمان علی 5 ٹیسٹ کے تسلسل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے کیریئر کے 16ویں سے 20 ویں ٹیسٹ کے دوران 46 وکٹیں حاصل کیں۔
سابق لیجنڈ سپنر عبد القادر نے 1987 اور 88 میں کیرئیر کے 48 ویں سے 52 ویں ٹیسٹ میں 44 وکٹیں حاصل کی تھیں۔نعمان علی نے جنوبی افریقا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے پہلی اننگز میں 6 جبکہ دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔رواں سال کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نعمان علی نے 6 اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لی تھیں جبکہ انگلینڈ نے خلاف سیریز میں نعمان علی نے ملتان میں 11 اور راولپنڈی میں 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
