لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر 2میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ،پاکستان ٹیم کے مایہ ناز سپنر نعمان علی کو شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نعمان علی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان ٹیم کی جانب سے ملنے والے 277 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 183 رنز بناکر آل آئوٹ ہوگئی۔ بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہےدو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی میچ کے چوتھے دن چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پہلی اننگز کے سنچورین ٹونی ڈی زورزی اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے 16رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔
55 رنز کے مجموعی سکور پر ٹریسٹن سٹبز نعمان علی کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد رائن ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی پارٹنرشپ کرکے اپنی ٹیم کو جیت کی کچھ امید دلائی تاہم ڈیوالڈ بریوس 54 رنز پر نعمان علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مجموعی سکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد رائن ریکلٹن انفرادی 45رنز بناکر ساجد خان کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی گئیں ،شاہین شاہ آفریدی نے وریینی اور سبراین کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان نے متھو سوامے کو آئوٹ کیا جبکہ کاگیسو رباداجنوبی افریقا کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئےاور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
