29.5 C
Islamabad

ممتاز ماہر آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کو رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز گلاسگو  کا انٹرنیشنل ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا

راولپنڈی: راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور الائیڈ ہاسپٹلز کے ممتاز ماہر آرتھوپیڈک سرجن، سابق ڈین اور سربراہ شعبہ آرتھوپیڈکس، نیوروسرجری و ٹراما پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کو رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز گلاسگو  کا انٹرنیشنل ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی سے گریجویشن کی اور بعد ازاں پاکستان، برطانیہ، امریکہ، جرمنی، سنگاپور سمیت متعدد ممالک سے اسپیشلائزیشن کی۔

انہوں نے 1992 میں بطور کنسلٹنٹ خدمات کا آغاز کیا اور اس کے بعد سے تاحال اپنے جذبے، خلوص اور جدید طبی مہارت کے ذریعے ہزاروں مریضوں کو شفا بخشی۔ڈاکٹر ریاض احمد نہ صرف ایک ماہر معالج بلکہ ایک شفیق استاد بھی ہیں۔ وہ ایم ایس اور ایف سی پی ایس پروگرامز کے سپروائزر کے طور پر بے شمار پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی تربیت کر چکے ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی درجنوں تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں جنہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔

سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ریاض احمد جیسے محنتی، مخلص اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل ماہرین ملک و قوم کا فخر ہیں۔ ان کی یہ تقرری نہ صرف راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی بلکہ پورے پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ریاض احمد اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کے طبی اداروں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد اپنی مادرِ علمی سے وابستہ ہیں اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے مشیر، ڈائریکٹر آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور چیئرمین رینکنگ کمیٹی کے طور پر بلا معاوضہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں 2024 میں یونیورسٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر ریاض احمد کا شمار ان چند پاکستانی ماہرین میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے علم، تحقیق اور پیشہ ورانہ قابلیت کے ذریعے ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔ وہ امریکن اکیڈمی آف آرتھوپیڈک سرجنز، انٹرنیشنل کالج آف سرجنز اور اے او ٹراما کے بھی فعال رکن ہیں۔رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز گلاسگو میں بطور انٹرنیشنل ایڈوائزر ان کی تقرری پاکستان اور اس عالمی ادارے کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔

ڈاکٹر ریاض احمد نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرجنز اور فزیشنز کے لیے بین الاقوامی مواقع پیدا کرنے اور میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو عالمی سطح تک لے جانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ان کے ساتھی اساتذہ، طلبہ اور طبی برادری نے اس تقرری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ایک محنتی، فعال اور پرجوش شخصیت ہیں جن کی رہنمائی ہمیشہ ادارے کے لیے مشعلِ راہ رہی ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد حکومت اورالیکشن دوبارہ آمنے سامنے

اسلام آباد(وقائع نگار )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی...

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 3روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کو چین کے دارالحکومت...

آئی۔ایم ایف سے پاکستان کو 1 ارب 30 کروڑ ڈالرز موصول

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا...

تازہ ترین