لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفاقی وزیر اطلاعات سے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے بقایا جات کی ادائیگی کا معاملہ حل کرایا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کے نام 14 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ میں آپ کی توجہ مفاد عامہ کے ایک اہم مسئلے کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) حکومت پاکستان کی ایک اہم قومی خبر رساں ایجنسی ہے، جن میں سے 300 سے زائد پنشنرز طویل عرصے سے اضافہ شدہ پنشن کے بقایا جات کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔ چونکہ ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے والے افراد کے لیے تنخواہ ہی آمدنی کا واحد ذریعہ ہے، اس لیے اس پر مناسب سطح پر غور کیا جانا چاہیے اور اگر اس میں اضافی فنڈز کی فراہمی شامل ہے، تو ان کی شکایات کے ازالے کے لیے وزارت خزانہ و ریونیو سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر، میرے خیال میں اے پی پی کے پنشنرز کی جانب سے اضافہ شدہ پنشن کے بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ بہت مناسب ہے، اس لیے آپ جلد از جلد متعلقہ حلقوں کی مشاورت سے اس معاملے کو دیکھیں اور اس معاملے میں جو بھی اقدام ضروری ہو وہ اٹھایا جائے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اے پی پی کے سابق ڈائریکٹر نیوز ڈاکٹر وقار چوہدری کی قیادت میں پنشنرز کے ایک وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کرکے اس اہم معاملے کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی جس پر گورنر نے وفد کو معاملے پر ہمدردانہ غور اور مناسب کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
