
پشاور: وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ منظور نہیں ہوسکا، گورنر فیصل کنڈی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے نام سے دو متضاد استعفے موصول ہوئے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں علی امین کے دونوں استعفوں پر دستخط کو مختلف اور غیرمشابہ قرار دیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وہ شہر سے باہر ہیں، 15 اکتوبر کو واپس آ ئیں گے۔ استعفوں کی تصدیق کے لیے وزیراعلیٰ علی امین 15 اکتوبر کو دن 3 بجے گورنر ہاوس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری طرف خیبر پختونخوا اسمبلی میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہو رہا ہے جس کے لیے 4 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔
ان امیدواروں میں پاکستان تحریک انصاف کے سہیل آفریدی، جے یو آئی ف کے مولانا لطف الرحمان، مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہان یوسف اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک خان شامل ہیں۔
