33.2 C
Islamabad

وزیراعظم شہباز شریف مصر اور امریکہ کے صدور کی دعوت پر 13 اکتوبر کو مصر کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر 13 اکتوبر کو مصر کا دورہ کریں گے جہاں وہ شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت اور غزہ میں جاری سنگین صورتحال کے خاتمے کے لیے طے پانے والے امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شامل ہوں گے ،نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔

اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس اُن سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے جو گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں کی گئیں ۔23 ستمبر کو امریکہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم نے عرب و اسلامی ممالک مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور ترکیہ کے رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی تھی، جس میں غزہ میں قیامِ امن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔

 

ان ممالک نے بعد ازاں ایک مشترکہ اعلامیے میں صدر ٹرمپ کی امن کی کوششوں کو سراہا اور امریکہ کے ساتھ مل کر ایک جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول اور غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سربراہی اجلاس میں شرکت پاکستان کی فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے جائز موقف کی تاریخی اور مستقل حمایت کی مظہر ہے۔

 

پاکستان کو امید ہے کہ شرم الشیخ اجلاس مکمل اسرائیلی انخلا، فلسطینی شہریوں کے تحفظ، ان کی بے دخلی کے خاتمے، قیدیوں کی رہائی، انسانی بحران کے ازالے اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے عملی پیش رفت کا باعث بنے گا،پاکستان نے یہ توقع بھی ظاہر کی ہے کہ یہ کوششیں ایک مؤثر سیاسی عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گی جس کا مقصد 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عرب امن اقدام کی روشنی میں، القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کو ممکن بنانا ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین