اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دیوار برلن کے انہدام کے 35 سال مکمل ہونے پر جرمنی کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینتیس سال قبل آج ہی کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن، امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا، پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کو مزید مضبوط اور مربوط بنائے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں جرمنی کے سفارت خانے کے زیر اہتمام دیوار برلن کے انہدام کے 35 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ اس تاریخی موقع پر جرمنی کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس روز جرمنی ایک ہوا۔ دیوار برلن گرنے سے جرمنی کے عوام میں ایک نئی امید پیدا ہوئی، امن، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پینتیس سال قبل آج ہی کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا تھا، پاکستان کی حکومت اور عوام جرمنی کے اتحاد میں کردار ادا کرنے والی تمام شخصیات کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جرمنی کے عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔
۔9اکتوبر (اے پی پی)