ابوظہبی:متحدہ عرب امارات میں ویزا قوانین میں بڑی ترامیم کرتے ہوئے نئی کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی نے انٹری ویزا سے متعلق نئے ضوابط اور ترامیم کا اعلان کیا ہے جن کے تحت مختلف کیٹیگریز میں نئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔
نئے ضوابط میں چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں جو مصنوعی ذہانت کے ماہرین، انٹرٹینمنٹ اور ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے شعبوں کے لیے مخصوص ہیں۔اتھارٹی نے ایک انسانی بنیادوں پر رہائشی اجازت نامہ بھی متعارف کرایا ہے جو ایک سال کے لیے دیا جائے گا جس کی مخصوص شرائط کے تحت توسیع کی جا سکے گی۔اسی طرح غیر ملکی بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کے لیے ایک سال کا رہائشی اجازت نامہ دیا جائے گا جسے مقررہ شرائط کے تحت مزید ایک سال کے لیے تجدید کیا جا سکے گا۔
