ہانگ زو :چین کے صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگ زو میں منعقدہ چوتھی گلوبل ڈیجیٹل ٹریڈ ایکسپو پیر کو اختتام پذیر ہوگئی ۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق ایکسپو میں متحدہ عرب امارات نے انڈونیشیا کے ہمراہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر یو اے ای نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، نالج اکانومی کے فروغ اور ڈیجیٹل ٹریڈ میں عالمی شراکت داریوں کو مستحکم بنانے کے اپنے عزم کو اجاگر کیا۔ایکسپو میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ہیلتھ، ورچوئل ریئلٹی، ای کامرس، ڈیجیٹل معیشت، سائبر سکیورٹی اور اسمارٹ سٹی ٹیکنالوجیز کو نمایاں کیا گیا۔ یو اے ای نے اپنے قومی پویلین میں فن ٹیک، ڈیجیٹل اکانومی، مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ انوویشنز کے منصوبے پیش کیے۔
النعیمی کے مطابق چین اور یو اے ای کے درمیان تجارت گزشتہ 41 برسوں میں 800 گنا بڑھ چکی ہے، صرف 2025 کے پہلے چھ ماہ میں نان آئل تجارت 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 16 ہزار 500 سے زیادہ چینی کمپنیاں امارات میں کام کر رہی ہیں جو 2024 میں 15 ہزار 500 تھیں ،یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ یو اے ای کا کاروباری ماحول کتنا پرکشش اور لچکدار ہے۔
