فیصل آباد :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں الیکٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا اور بڑ ے اعلانات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں اے آر ٹی میٹروبس سروس جلد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔نوازشریف آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے بعد فیصل آباد آئی ٹی سٹی کے قیام اعلان بھی کیا۔فیصل آباد میں 40 ارب روپے کی لاگت سے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سسٹم کا جلد افتتاح کرنے اورفیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں کینسر کے علاج کیلئے کوآبلیشن مشین دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینے کیلئے مجھے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ پنجاب اور پنجابی کیخلاف بات آئی تو مریم نواز چھوڑے گی نہیں۔ سیلاب زدگان کی مدد کررہی ہوں تو لوگوں کو کیا تکلیف ہے؟پنجاب کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، دوسرے بھی مہربانی فرما کر مداخلت نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے کبھی نہیں کہا کہ فلاں یہ کرے اور یہ نہ کرے۔ دوسروں کو ملے تو پنجاب خوش ہوتا ہے کیونکہ ہم پہلے پاکستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنا وقت گالم گلوچ اور پگڑیا ں اچھالنے پر لگاتے جبکہ ہم عوام کی خدمت پر لگاتے ہیں۔ کے پی کے کا جلسہ ان کیلئے عبرت کا مقام بن کر رہ گیا ہے۔ دوسروں پر سیاہی پھینکنے اور جوتا مارنے کی ترغیب دیتے تھے آج ان کیساتھ کیا ہورہا ہے؟دوسروں کو جوتے مارنے پراکسانے والے آج ایک دوسرے کو جوتے ماررہے ہیں۔
ڈیفالٹ کی باتیں کرنیوالوں سے قدرت انتقام لے رہی ہے۔ ہماری توجہ صرف عوام کی خدمت پر مرکوز ہے۔ پنجاب میں اٹک سے رحیم یارخان تک سڑکیں بن رہی ہیں، میٹرو اورا ورنج لائن بھی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور لاہور میں کینسر کا سٹیٹ آف دی آر ٹ ہسپتال بنارہے ہیں۔ پنجاب میں ”اپنی چھت، اپنا گھر“ سکیم کے تحت 90ہزار گھر بن رہے ہیں۔ بی آئی ایس پی ہر مسئلہ کا حل نہیں، بی آئی ایس پی 10 ہزار دیتی اور ہم نے لوگوں کو10 لاکھ دینے ہیں۔
فیصل آباد والوں بھروسہ رکھنا، فیصل آباد کو لاہور سے زیادہ ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنائیں گے۔ فیصل آباد والوں آپ نے اب خدمت کرنے والوں کو ووٹ دینا ہے۔فیصل آباد میں لاہور اور راولپنڈی سے بھی جدید اور بہتر میٹرو بس سروس لائیں گے۔پاکستانی کی تاریخ میں جب بھی ترقی آئی اور عوامی خدمت کے منصوبے شروع کیے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کیے۔انہوں نے کہا کہ بزرگ، خواتین، طلباء اور سپیشل افراد کے لئے الیکٹروبس پر سفر مفت ہوگا۔ مریم نواز اپنے پراجیکٹ میں عوام پر بوجھ نہیں ڈالتی بلکہ خود بوجھ اٹھاتی ہے۔
ٹوٹی پھوٹی بسوں پر سینکڑوں روپے دیکر سفر کرنے کی بجائے اب20 روپے میں ایئر کنڈیشنڈ بس پر آرام دے سفرکریں۔فیصل آباد میں پہلی باقاعدہ پبلک ٹرانسپورٹ آنے پر شہر یوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پہلے بڑے پراجیکٹ بڑے شہروں میں آتے تھے، اب میانوالی اور وزیر آبا د جیسے شہروں میں آتے ہیں۔ فیصل آباد ہی نہیں بلکہ جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی الیکٹرو بس چلے گی۔ رانا ثناء اللہ صاحب کو سینیٹر بننے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ رانا ثناء اللہ صاحب پر وہ جھوٹا مقدمہ بنا جس کی سزا موت تھی۔
مخالفین کو کہتی ہوں کہ مجھ پر بات کریں تو جواب نہیں دوں گی لیکن اگرپنجاب پر بات ہوگی تو چپ نہیں رہوں گی۔ ہم کام کریں گے تو تصویریں بھی آئیں گی۔ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کے عوام کی ذمہ داری مجھے دی ہے۔ پنجاب پر بات کریں گے توگھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد خاص طور پر زرعی یونیورسٹی کے طلبا نے جو عزت و احترام دیااسے کبھی نہیں بھولوں گی۔
