اسلام آباد :قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی سے ایوان صدر میں ازبک سپیکر نورالدین مویدن خانویخ اسماعیلوف نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کہا گیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر قائم ہیں،
قائمقام صدر مملکت نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے 51ویں اجلاس کے موقع پر جون 2025ء میں دونوں ممالک کے درمیان روڈ میپ پر دستخط کئے گئے۔سید یوسف رضا گیلانی نے ازبک صدر شوکت مرزیایوف کو جلد اسلام آباد کے دورے کی دعوت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ سیاسی مشاورت اور مشترکہ وزارتی کمیشن جیسے میکنزم کے اجلاسوں کو خوش آئند قرار دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے،
دونوں ممالک کا ہدف آئندہ چار سال میں دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے،لاہور-تاشقند براہ راست پروازوں کی بحالی اور اسلام آباد-تاشقند ہفتہ وار پروازوں کا آغاز خوش آئند ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ پاکستان و ازبکستان کو افغانستان کے راستے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہوگا،ریلوے منصوبے کی کامیاب تکمیل سے علاقائی روابط، تجارت اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،پاکستان اور ازبکستان تمام شعبوں میں فعال تعاون جاری رکھیں گے۔پاکستان کا عزم ہے کہ پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون اور علاقائی منصوبوں کے ذریعے خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ دیا جائے۔
