سیالکوٹ :اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پسرور شعیب رسول نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے باعث پھپھوندی سے پیدا ہونے والی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ ان بیماریوں میں پتوں کے بھورے دھبے، بلاسٹ، غلافی جھلساؤ، سٹیم راٹ اور خصوصاً فالس سمٹ آف رائس شامل ہیں۔
ہفتےکو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فالس سمٹ کا حملہ پسرور کے علاقوں سوکن ونڈ، بی بی بڈھیار، صابو بڈھیار، دادو باجوہ، بڈیانہ اور کنگرہ میں مشاہدہ میں آیا ہے جو دن بدن شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال اور زیادہ بارشوں کے باعث فصلیں کمزور ہو چکی ہیں اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بیماریوں سے نقصان بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اور جہاں ممکن ہو کھیتوں سے پانی کا نکاس کریں۔
