پاکستان کی میزبانی میں 4 فریقی ممالک سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے۔ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعوی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہوئے۔چار ملکی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں خطے میں کشیدگی کی صورتحال اور جنگ بندی سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری سے معاملات حل کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مختلف تجاویز زیر بحث آئیں جن کا مقصد تنازع کو کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا تھیں۔اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیے، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے پورے خطے کو متاثر کر رکھا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں۔وزرائے خارجہ کی مصروفیات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات بھی شامل ہے جہاں انہیں پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن کے لیے تجاویز سے آگاہ کیا جائے گا۔اس ملاقات میں باہمی تعاون، علاقائی استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی بات چیت متوقع ہے
