38.8 C
Islamabad

عید الاؤنس کی کٹوتی کے خلاف سی ڈی اے کے 11ہزار ملازمین کا رات گئے دھرنا جاری

اسلام آباد( وقائع نگار) سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے ادارے کے ملازمین کو عید الاؤنس کی عدم ادائیگی کے خلاف سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرزمیں بھرپور احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں ہزاروں ملازمین نے شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مزدوریونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کی پالیسی پر کاربند رہی ہے اور ادارے کے اندر ہم آہنگی، امن اور باہمی احترام کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2006 کے معاہدے کے تحت تمام مسلم ومسیحی ملازمین کو ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پر باقاعدگی سے عید الاؤنس دیا جاتاہے تاہم رواں سال سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ الاؤنس کو اچانک روک دینا ملازمین کے ساتھ ناانصافی اور معاشی دباؤ بڑھانے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے ملازمین میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جا رہا ہے جو ادارے کے مجموعی ماحول پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ چوہدری محمد یٰسین نے ملازمین کے لیے رہائشی پلاٹس کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت سے طے پایا تھا کہ ملازمین کو نان ڈویلپ سیکٹرز میں پلاٹس دیے جائیں گے لیکن افسوس کہ اس فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے کے ملازمین ہی اس خوبصورت دارالحکومت کی تعمیر و ترقی کے اصل معمار ہیں اور ان کے جائز حقوق کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عید الاؤنس کی ادائیگی کو بحال کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے اور اگر مطالبات پر فوری عمل درآمد نہ کیا گیا تو دھرنا جاری رکھا جائے گا اور احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کا صنعتی امن خراب ہواتواس کی مکمل ذمہ داری سی ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین