اسلام آباد(وقائع نگار) پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کے پانچ رکنی بنچ نے پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاخیر پر سماعت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو لوکل گورنمنٹ حلقہ بندی رولز، ڈیمارکیشن آرڈر (Demarcation Order)جس میں ٹاؤن کارپوریشنوں ، میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل کونسلوں میں یونین کونسلوں کی تعداد ہے وہ مہیا کردیئے ہیں۔ جبکہ نقشہ جات ودیگر ڈیٹا 12مارچ 2026تک الیکشن کمیشن کو مہیا کردیا جائے گا۔ مزید الیکشن رولز کا بھی صوبائی حکومت جلد نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔
الیکشن کمیشن نے دفترکوحکم دیا کہ صوبائی حکومت جونہی نقشہ جات مہیا کرتی ہے حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کیا جائے ۔ اگر صوبائی حکومت 12مارچ 2026تک نقشہ جات مہیا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو 13مارچ 2026 سے روزانہ کی بنیاد پر ڈیژن وائز ڈپٹی کمشنروں کو الیکشن کمیشن بلایا جائے ۔ تاکہ وہ نقشہ جات براہ راست الیکشن کمیشن کو مہیا کریں اور حلقہ بندی کا شیڈول فوری جاری کیا جاسکے۔اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کیس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ سیکرٹری وزارت داخلہ کو الیکشن کمیشن کی طرف سے تین مراسلہ جات بھیجے گئے ہیں جس میں اُ ن سے ٹاؤن کارپوریشن کی حلقہ بندیاں ،ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد ، ٹاؤن کارپوریشنوں کے نقشہ جات کی فراہمی اور آرڈیننس میں ضروری ترامیم کیلئے کہا گیا۔ لیکن وزارت داخلہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔چیف کمشنر نے کمیشن کو بتایا کہ اُسے ایسا کوئی لیٹر موصول نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن میں سیکرٹری وزارت داخلہ کی بجائے ایڈیشنل سیکرٹری وزار ت داخلہ پیش ہوئے۔ اور بتایا کہ سیکرٹری داخلہ وزیر اعظم صاحب کی میٹنگ میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کی طرف سے لکھے گئے تین خطوط کا جواب نہ دینے کا سخت نوٹس لیا۔ اور حکم دیا سیکرٹری داخلہ کونوٹس دیا جائے کہ کیونہ اُنکے خلاف توہین عدالت کی کارائی کی جائے۔ مزید یہ کہ آئندہ سماعت پر وزیرِ داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ٹاؤن کارپوریشنوں کے نقشہ جات الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے نقشوں کی فراہمی کے لیے 12 مارچ 2026 تک کا وقت دے دیا۔کیس کی کارائی مورخہ 10مارچ بروز منگل تک ملتوی کردی ۔
