اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعات میں مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے صحن سے مسجد کے امام شیخ محمد العباسی کو گرفتار کر لیا گیا۔حماس نے امام شیخ محمد العباسی کی گرفتاری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ پر قبضہ جمانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے مذہبی شخصیات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات فلسطینی عوام کے جذبات کو مزید بھڑکانے کا باعث بن رہے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے، جن کے دوران کئی فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران صورتحال کشیدہ رہی۔مزید یہ کہ چھاپوں کی کوریج کرنے والے فلسطینی صحافیوں کو بھی مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا، جبکہ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک بکتر بند گاڑی کے ذریعے صحافیوں کو کچلنے کی کوشش بھی کی گئی
