شائقینِ کرکٹ اب 15 فروری کو دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا دیکھ سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مِنتوں کے بعد سری لنکن صدر اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی درخواست کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کی تمام شرائط قبول کرلی ہیں، جس کے بعد پاکستان نے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکی درخواست کردی ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں پی سی بی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے اس معاملے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
بی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں درخواست کی گئی ہے کہ کرکٹ کے ایکو سسٹم کی بہتری کے لیے پاکستان کو بھارت کے خلاف 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول میچ کھیلنا چاہئیے۔اس سے قبل سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے نے بھی وزیرِاعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا اور پاکستان کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی
