معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی مبینہ نامناسب ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے ملزمہ کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری تین لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ ملزمہ آمنہ عروج نے اپنے وکیل کے ذریعے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی، جس پر عدالت نے قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سنایا۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مبینہ طور پر نامناسب ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ مقررہ مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کی جائے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پر ہوگی۔
