مقامی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2025 (جنوری تا دسمبر) کے دوران 30.21 ملین (3 کروڑ 2 لاکھ سے زائد) موبائل فون سیٹس تیار اور اسمبل کیے جب کہ اس کے مقابلے میں تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے گئے موبائل فونز کی تعداد محض 2.37 ملین رہی۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2025 کے دوران مقامی طور پر 2.61 ملین موبائل فون سیٹس تیار اور اسمبل کیے گئے جب کہ اس کے مقابلے میں تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے گئے فونز کی تعداد محض 0.33 ملین رہی۔مقامی مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ پلانٹس کی جانب سے تیار اور اسمبل کیے گئے 30.21 ملین موبائل ہینڈ سیٹس میں 15.64 ملین اسمارٹ فونز اور 14.57 ملین ٹو جی فونز شامل تھے۔
مزید یہ کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے نیٹ ورک پر استعمال ہونے والے موبائل ڈیوائسز میں 71 فیصد اسمارٹ فونز جبکہ 29 فیصد ٹو جی فونز ہیں۔رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران پاکستان نے 801.139 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 570.184 ملین ڈالر تھے، اس طرح موبائل فون درآمدات میں 40.51 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستانی روپے میں موبائل فون درآمدات کی مجموعی مالیت جولائی تا نومبر 226.133 ارب روپے رہی جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ مالیت 158.518 ارب روپے تھی جو 42.65 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ماہانہ بنیاد پر پاکستان کی موبائل فون درآمدات میں نومبر 2025 کے دوران 8.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درآمدات کا حجم 156.565 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جو اکتوبر 2025 میں 1444.563 ملین ڈالر تھا۔
سالانہ بنیاد پر موبائل فون درآمدات میں 4.81 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، کیونکہ نومبر 2025 کی درآمدات نومبر 2024 میں 149.378 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم رہیں۔گزشتہ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان نے 1.494 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کیے جو مالی سال 2023-24 میں 1.898 ارب ڈالر کے مقابلے میں 21.31 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔پاکستانی روپے کے لحاظ سے مالی سال 25-2024 کے دوران موبائل فون کی درآمدات کی کل مالیت 417.351 ارب روپے رہی۔ یہ مالی سال 24-2023 کی اسی مدت کے 535.690 ارب روپے کے مقابلے میں 22.09 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتا ہے
