برآمدات میں مسلسل کمی کے باوجود نومبر میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کے شعبے نے 10.37 فیصد کی نمایاں شرح نمو ریکارڈ کی جس کی بنیادی وجہ آٹوموبائل، پٹرولیم، ملبوسات اور سیمنٹ کے شعبوں کی شاندار کارکردگی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 2026 کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران بڑی صنعتوں کی ترقی میں مجموعی طور پر 6 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ماہانہ بنیادوں پر اس میں 0.16 فیصد کا اضافہ ہوا۔ایل ایس ایم صنعتوں کے کوانٹم انڈیکس نمبرز میں اپنی شرحِ اہمیت کے لحاظ سے 6.01 فیصد کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے شعبوں میں خوراک (0.47)، تمباکو (0.06)، ٹیکسٹائل (0.32)، گارمنٹس (1.24)، پیپر اینڈ بورڈ (0.07)، پٹرولیم مصنوعات (1.29)، سیمنٹ (0.78)، الیکٹریکل آلات (0.22)، آٹوموبائلز (1.77) اور دیگر ٹرانسپورٹ آلات (0.24) شامل ہیں جبکہ کیمیکلز (منفی 0.12)، دواسازی (منفی 0.34)، آئرن اینڈ اسٹیل مصنوعات (منفی 0.17)، مشینری و آلات (منفی 0.05) اور فرنیچر (منفی 0.19) کے شعبوں نے مجموعی نمو پر منفی اثر ڈالا۔جولائی تا نومبر 2025-26 کے دوران سالانہ بنیاد پر آٹوموبائل کے شعبے میں پیداوار 75 فیصد، کوک اور پٹرولیم مصنوعات میں 18.06 فیصد، سیمنٹ میں 13.47 فیصد اور گارمنٹس میں 7.14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ خوراک، مشروبات، تمباکو، پیپر اینڈ بورڈ، ربڑ مصنوعات، نان میٹالک منرل مصنوعات، تیار شدہ دھاتی اشیا، کمپیوٹر، الیکٹرانکس و آپٹیکل مصنوعات اور الیکٹریکل آلات کے شعبوں میں بھی پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا
