دنیا کے عظیم ترین باکسر اور انسانی حقوق کی علامت سمجھے جانے والے محمد علی کو ایک اور تاریخی اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ امریکی ڈاک سروس نے اعلان کیا ہے کہ محمد علی کے نام سے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جا رہا ہے، جو 15 جنوری 2026 سے فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔
ایسوسی ایٹیڈ پریس (اے پی) کے مطابق لینجنڈ محمد علی کبھی مذاق میں کہا کرتے تھے کہ انہیں ڈاک ٹکٹ پر ہونا چاہیے کیونکہ ’یہی واحد طریقہ ہے کہ مجھے کوئی چاٹ سکے۔ اب تین بار ہیوی ویٹ عالمی چیمپئن رہنے والے محمد علی کی یہ بات حقیقت کا روپ دھار چکی ہے۔محمد علی جنہیں کھیلوں کی تاریخ کا سب سے مشہور اور بااثر باکسر سمجھا جاتا ہے، نہ صرف رنگ میں اپنی مہارت بلکہ سیاست، سماجی شعور اور بے مثال شخصیت کے باعث بھی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ امریکی ڈاک سروس نے پہلی بار ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد علی کی اہلیہ لونی علی، جو تقریباً 30 برس تک ان کی شریکِ حیات رہیں، انھوں نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس اعزاز پر بے حد خوش اور جذباتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی لوگ اس ٹکٹ کو دیکھیں گے، محمد علی کو یاد کریں گے۔ وہ لوگوں کے شعور میں زندہ رہیں گے اور میرے لیے یہ سب سے بڑی خوشی ہے۔
