حکومت پانچ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) نصب کرنے جا رہی ہے تاکہ بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام کو جدید بنایا جا سکے، کیونکہ اس وقت ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) نقصانات کا تخمینہ مالی اثر تقریباً ایک بلین ڈالر سالانہ ہے۔
اس اہم منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے وفاقی حکومت نے عالمی بینک سے بطور ٹرانزیکشن ایڈوائزر کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کا پاور سیکٹر سنگین عملی اور مالی مسائل سے دوچار ہے، جن کی بنیادی وجوہات میں زیادہ تکنیکی اور تجارتی نقصانات، کمزور ریکوری، پرانے میٹرنگ سسٹمز اور بجلی کے استعمال کے پیٹرنز پر محدود نگرانی شامل ہیں۔
اس وقت ٹی اینڈ ڈی نقصانات کل بجلی کی فراہمی کا تقریباً 18 فیصد ہیں، جن کی وجہ سے سالانہ مالی نقصان کا تخمینہ 265 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ یہ ساختی کمزوریاں شعبے کی پائیداری کو نقصان پہنچاتی ہیں، صارفین پر بوجھ بڑھاتی ہیں اور اہم سرمایہ کاری کے لیے مالی گنجائش محدود کرتی ہیں۔
تقسیمی نظام کو جدید بنانے، نقصانات کم کرنے، ریکوری بہتر بنانے، نظام کی کارکردگی اور بھروسے کو بڑھانے اور صارفین کا اعتماد بحال کرنے کے مقصد کے تحت پی پی آئی بی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ پانچ ڈسکوز میں اے ایم آئی سسٹم کی تنصیب اور آپریشن کے لیے ایک نجی اے ایم آئی سروسز پرووائیڈر (ای ایم آئی ایس پی) کی خدمات حاصل کرے۔ ان ڈسکوز میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو)، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیزکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) شامل ہیں۔
یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت نافذ کیا جائے گا، جس میں پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی)، پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) اور متعلقہ ڈسکوز سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔
پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ جہاں مرزا نے عالمی بینک کے اسلام آباد دفتر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ چونکہ یہ سرگرمی پہلی بار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت کی جا رہی ہے، اس لیے اے ایم آئی ٹرانزیکشنز کے کامیاب نفاذ کے لیے اینڈ ٹو اینڈ مشاورتی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک موزوں ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانزیکشن ایڈوائزر تکنیکی، تجارتی اور قانونی ڈیو ڈیلیجنس انجام دینے، بزنس کیس تیار کرنے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اسٹرکچرنگ، پروکیورمنٹ پراسیس کی تیاری اور اس کے انتظام میں معاونت، بشمول بولی کے دستاویزات کی تیاری، اور منصوبے کے ایوارڈ، معاہدوں پر دستخط اور فنانشل کلوز تک معاونت فراہم کرے گا
