جنوبی افریقا نے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی مضبوط اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جب کہ فاسٹ بولر کگیسو رباڈا جو پسلی کی انجری کے باعث تقریباً 10 ہفتے کرکٹ سے دور رہے، ان کی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد کگیسو رباڈا نے کرکٹ کے میدان میں واپسی کرتے ہی جنوبی افریقا کے بولنگ اٹیک کی کمان سنبھال لی ہے جب کہ انہوں نے جنوبی افریقی لیگ ایس اے 20 میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کے لیے 48 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقا کے اسکواڈ میں کگیسو رباڈا کے ساتھ اینرج نورٹجے، مارکو یانسن، کوربن بوش، لونگی نگیڈی اور کوینا مافاکا کو شامل کیا گیا ہے۔ مافاکا اور بوش سمیت 7 کھلاڑی پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، جن میں بیٹرز دیوالڈ بریوس، ٹونی ڈی زورزی، جیسن اسمتھ اور آل راؤنڈرز جارج لنڈے اور ڈونووان فریرا بھی شامل ہیں۔ٹیم کی قیادت مستقل ٹی 20 کپتان ایڈن مارکرم کریں گے جب کہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے والے اسکواڈ کے صرف 7 کھلاڑی اس بار ٹیم کا حصہ ہیں۔کوئنٹن ڈی کاک اکتوبر میں دستیابی ظاہر کرنے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں جب کہ ڈیوڈ ملر، کیشو مہاراج، مارکو یانسن اور اینرچ نورٹجے بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
